اغراض و مقاصد
Aims & Scopes
گلستانِ اردو ایک بین الاقوامی معیار کا ماہنامہ آن لائن، پیئر ریویو اور اوپن ایکسس تحقیقی مجلہ ہے جس کا مقصد اردو زبان و ادب اور اس سے متعلقہ علمی شعبوں میں معیاری، مستند اور غیر مطبوعہ تحقیقی کام کو فروغ دینا ہے۔ یہ مجلہ محققین، اساتذہ، طلبہ اور اہلِ قلم کے لیے ایک ایسا علمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں تحقیق، تنقید اور علمی مکالمے کو اصولی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔
مجلہ اردو کے کلاسیکی و جدید ادب، تحقیق و تنقید، لسانیات، تقابلی ادب، ترجمہ، مخطوطات، تہذیبی و ثقافتی مطالعات، عوامی ادب اور دیگر متعلقہ میدانوں سے وابستہ تحقیقی مقالات، تنقیدی مضامین، جائزہ مقالات اور کتابوں پر علمی تبصروں کی اشاعت کو خوش آمدید کہتا ہے، بشرطیکہ وہ اصالتِ تحقیق، علمی دیانت اور معتبر مآخذ پر استوار ہوں۔
گلستانِ اردو کا بنیادی نصب العین یہ ہے کہ تحقیق میں اصالت، غیر جانب داری، علمی اخلاقیات، حوالہ جاتی صحت اور مضبوط تحقیقی منہج کو فروغ دیا جائے۔ اسی مقصد کے تحت ہر موصولہ مقالہ اشاعت سے قبل متعلقہ شعبے کے ماہرین کے غیر جانب دارانہ پیئر ریویو سے گزارا جاتا ہے تاکہ شائع ہونے والا ہر مقالہ علمی معیار، تحقیقی صحت اور فکری افادیت کے تقاضوں پر پورا اترے۔
مجلہ نئی نسل کے محققین کی علمی تربیت اور ان کی حوصلہ افزائی کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اور انہیں ممتاز اہلِ علم کے ساتھ ایک مشترک تحقیقی فضا فراہم کرتا ہے۔ ساتھ ہی اردو کے علمی و ادبی سرمائے کو ڈیجیٹل صورت میں محفوظ کرنا، معیاری تحقیق کو بلا امتیاز دنیا بھر کے قارئین تک پہنچانا، اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اردو تحقیق کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنا بھی اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔
ادارتی شفافیت، اشاعتی اخلاقیات، تحقیقی دیانت اور معروضی علمی معیار کی پاسداری گلستانِ اردو کی اشاعتی پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔ مجلہ اس عزم کے ساتھ اپنی اشاعتی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے کہ وہ اردو تحقیق کے میدان میں ایک معتبر، قابلِ اعتماد اور مستند علمی حوالہ ثابت ہو۔